Public Awareness
عوامی آگاہی
ویلیو ایڈڈ سروسز (VAS) کی غیر مجاز ایکٹیویشن
اسلام آباد (3 مارچ، 2026): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے نوٹس میں آیا ہے کہ صارفین کی جانب سے ویلیو ایڈڈ سروسز (VAS) کی غیر مجاز ایکٹیویشن اور اس کے نتیجے میں بیلنس سے غیر متوقع کٹوتیوں سے متعلق شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ صارفین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور باقاعدگی سے اپنے موبائل بیلنس اور فعال سبسکرپشنز چیک کرتے رہیں۔
عام طور پر ویلیو ایڈڈ سروسز میں کالر ٹیون (رنگ بیک ٹون)، روزانہ ایس ایم ایس یا انٹرنیٹ بنڈلز، مسڈ کال الرٹس، موبائل گیمز، کوئز سروسز، انفوٹینمنٹ الرٹس اور دیگر سبسکرپشن پر مبنی مواد شامل ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ آپ کی واضح اجازت کے بغیر کوئی بھی VAS فعال نہیں کی جا سکتی۔
کسی بھی سروس کی ایکٹیویشن کے لیے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کی تصدیق اور مخصوص یو ایس ایس ڈی کوڈ ڈائل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اگر آپ نے نہ تو OTP شیئر کیا ہے اور نہ ہی کوئی کوڈ ڈائل کیا ہے تو سروس فعال نہیں ہونی چاہیے۔ ایسی صورت میں ایکٹیویشن غیر مجاز ہوتی ہے۔
اگر آپ کو بیلنس میں بلا وجہ کٹوتی نظر آئے تو فوراً اپنے متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر سے رابطہ کریں، باقاعدہ شکایت درج کروائیں اور شکایت کا ریفرنس نمبر حاصل کریں۔ آپریٹر کو مسئلہ حل کرنے کے لیے مقررہ وقت دیا جانا ضروری ہے۔
اگر معاملہ تسلی بخش طور پر حل نہ ہو تو آپ پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) کے ذریعے، جو www.pta.gov.pk پر دستیاب ہے یا CMS موبائل ایپ کے ذریعے، شکایت درج کروا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کام شعبے میں شفاف اور منصفانہ طریقہ کار کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے.